یہ دلچسپ واقعہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں رونما ہوا جہاں دولہا اور دلہن نے شہر کے ماڈل تھانہ سٹی کی عمارت میں اپنی زندگی کے یادگار دن کا فوٹو شوٹ کرایا۔
رپورٹ کے مطابق دولہا عبدالصمد ماڈل تھانے کی خوبصورتی دیکھ کر اتنا متاثر ہوا کہ پھر اسے کسی بینکوئٹ کی خوبصورتی بھی ایک آنکھ نہ بھائی اور اپنے دلہنیا کو لے کر تھانے ہی چلا آیا جہاں اس نے انتظامیہ سے فوٹو شوٹ کرنے کی درخواست کی۔
فوٹو شوٹ سے متعلق مظفر گڑھ پولیس کے آفیشل فیس بک پیج پر دولہا کا بیان بھی شیئر کیا گیا ہے جس عبدالصمد کا کہنا ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر ماڈل تھانے کی خوبصورتی دیکھی اور پھر اپنی جیون ساتھی سے اس حوالے سے مشورہ کر کے فوٹو شوٹ تھانے میں کرانے کا فیصلہ کیا۔
عبدالصمد کے مطابق اس نے فوٹو شوٹ سے قبل ایس ایچ او خرم ریاض کھر سے اجازت لی تھی اور جب وہ فوٹو شوٹ کے لیے اپنی دلہن کے ہمراہ وہاں پہنچے تو ان کا نہ صرف پُرتپاک استقبال کیا گیا بلکہ پورا تھانہ خالی کرا لیا گیا۔
دولہا نے مذکورہ تھانے کو شہر کی سب سے خوبصورت عمارت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماڈل تھانہ سٹی مظفر گڑھ شہر کے کسی بھی بڑے ریسٹورینٹ سے کم نہیں اور انہوں نے یہاں فوٹو شوٹ کروا کے بہت اچھا محسوس کیا۔
اس حوالے سے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ خوشی کے اس موقعے پر دولہا تھانے کی خوبصورتی دیکھ کر فوٹو شوٹ کی اجازت طلب کی گئی تھی۔ اور جوڑے کے اصرار پر تھانے میں فوٹو شوٹ کی اجازت دی گئی۔
0 Comments