واضح رہے کہ ہفتے کی صبح غزہ سے اسرائیل پر 7000 راکٹ فائر کیے گئے جس کے بعد فلسطین اور اسرائیل میں جنگ چھڑ گئی، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے کیے گئے حملوں میں صیہونی فوجیوں سمیت 500 سے زائد اسرائیلی ہلاک، سینکڑوں زخمی اور درجنوں یرغمال بنالیے گئے۔
ادھر اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے فلسطینیوں کو غزہ خالی کرنے کی وارننگ دیدی۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس سے بدلہ لیں گے، اسرائیل ہر جگہ بھرپور طاقت کا استعمال کرے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم کی دھمکی دی کہ یہ جنگ طویل اور مشکل ہوگی، فلسطینی غزہ کو خالی کردیں۔
دوسری جانب امریکا نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے حملوں کے خلاف اسرائیل کی حمایت اور دفاعی ضروریات پوری کرنے کا اعلان کردیا، امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے رابطہ کیا اور کہا کہ امریکا اسرائیل کو تعاون کیلئے تمام مناسب ذرائع دینے کو تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی سلامتی کیلئے ہماری انتظامیہ کی حمایت مضبوط اور غیرمتزلزل ہے، اسرائیل کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں اور اسرائیلی وزیراعظم سےرابطےمیں رہیں گے۔
فلسطین کی تازہ صورتحال پر سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فلسطین کی غیرمعمولی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، فلسطین اسرائیل کشیدگی میں متعدد محاذوں پر تشدد کے واقعات ہوئے ہیں، فریقین سے تشدد فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ فریقین شہریوں کے تحفظ کا خیال رکھیں اور تحمل سے کام لیں، سعودی عرب نے پہلے ہی فلسطینیوں کے خلاف اشتعال انگیز کارروائیوں کے تباہ کن نتائج سے خبردار کردیا تھا۔
سعودی وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں نبھانے اور امن کیلئے دو ریاستی حل پرکام کرے، دو ریاستی حل ہی خطے میں سلامتی، امن اور شہریوں کی حفاظت کا ضامن ہے۔
0 Comments